Friday, April 16, 2021

Islamic Urdu Article: Chacha Kamal, Maa bacho ko Namaz kaisay sikhain, Deen bara qeemti hay, Hazrat Moosa (AS)


 

Home Page  Urdu Islamic Article  HR Email Ids  Zikar Azkaar

Namaz Quran & Tableegh   School HR ID  Ulema Ikram Bayanat

Listen Quran Majeed   Read Quran Majeed  Social Media  Ramzan

Khulasa Quran Majeed


چاچا کمال ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑے ہوئے ۔۔۔۔۔سمیر کے آفس میں داخل ہوئے۔۔۔۔۔

صاحب جی آپ کی چائے ۔۔۔۔

سمیر نے چاچا کی طرف دیکھا ۔۔۔۔چاچا بیٹھ جائیں   ۔

چاچا سمیر کی طرف دیکھتے ہوئے ۔۔۔کرسی پہ بیٹھ گئے 

چاچا جی آپ تو جانتے ہیں ایک سال سے کرونا کی وبا پھیلی ہوئی ہے میرا بزنس نہ ہونے کے برابر ہے    

میں اب زیادہ لوگوں کو تنخواہ نہیں دے سکتا    بس چند ضرورت کے لوگ رکھوں گا باقی سب کو فارغ کر دوں گا ۔۔۔آپ بھی کل مینجر سے ملنا ۔   

 اپنا  حساب کلیئر کر لینا ۔۔۔۔

اب مجھے آپ کی ضرورت نہیں ہے ۔۔۔

چاچا حسرت بھری نگاہوں سے سمیر کی طرف دیکھنے لگے۔۔۔

چاچا کے چہرے پہ پریشانی عیاں تھی 

وہ نہ جانے کس سوچ میں ڈوب گئے تھے ۔۔۔

سمیر نے چاچا کو آواز دی ۔۔لیکن چاچا جیسے سن ہی نہیں رہے تھے ۔ ۔سمیر نے زور سے آواز دی ۔۔۔۔

چاچا کسی درد بھرے خواب سے جیسے بیدار ہوئے تھے ۔۔۔۔

سفید داڑھی بڑھاپا کمزور کانپتے ہاتھ ۔۔۔۔

چائے کا کپ اٹھایا ۔۔۔۔

کانپتی آواز میں بولے ۔۔اچھا صاحب جی ۔۔۔اللہ آپ کی مشکلات آسان  فرمائے ۔۔۔۔ہمارا اللہ مالک ہے ۔۔۔۔

 

سمیر کے آفس میں چاچا کمال صفائی وغیرہ کیا کرتا تھا ۔۔چائے وغیرہ بنا دی ۔۔۔

لیکن اب نوکری سے نکال دیا تھا ۔۔۔۔۔

سمیر خود بہت پریشان تھا ۔۔۔۔کرونا کی وجہ سے کاروبار بلکل ختم سا ہو چکا تھا ۔۔۔۔

اپنی جگہ وہ بھی سچا تھا ۔۔۔۔لیکن کیا کر سکتا تھا ۔۔۔

پہلے کنٹریکٹر بھی پیسے نہیں دے رہے تھے ۔۔۔۔

سمیر گھر آیا    ۔بہت پریشان تھا ۔۔۔۔

بیوی کو آواز دی ۔حجاب  ۔میرے لیے ایک کپ کافی بنا دو۔۔۔۔

حجاب پاس آئی everything  is ok my honey .....

آپ پریشان  سے لگ رہے ہیں ۔۔۔۔

سمیر نے لمبی سانس لی ۔۔۔۔کیا بتاوں ۔۔۔بنک سے لون لے کر کچھ کنٹریکٹ سائن کیا تھا ۔۔۔۔اب بنک کی دو اقساط پینڈینگ  ہیں    ۔۔کل وہ بھی آ جائیں گے پیسے لینے ۔ ۔

کوئی بھی کنٹریکٹر پیسے نہیں دے رہا ۔۔۔۔

نیا کوئی کنٹریکٹ بھی نہیں مل رہا ۔۔۔۔

حجاب نے کندھے پہ ہاتھ رکھا آپ پریشان نہ ہوں ۔ سب کچھ ٹھیک ہو جائے ۔۔۔۔

میں آپ کے لیے کافی بنا کر لاتی ہوں ۔۔۔۔۔

چاچا کمال گھر آئے ۔۔۔۔۔۔آگے کرائے والا کھڑا تھا ۔۔۔۔

چاچا کو دیکھ کر بولا ۔۔۔۔

او بابا جی ۔   پچھلے 4 ماہ کا کرایہ باقی ہے ۔  ۔وہ دینا ہے یا نکالوں باہر گھر  سے ۔۔۔

چاچا کمال ہلکا سا مسکرائے ۔ ۔۔آ بشیر صاحب  چائے پی لو ۔۔۔آ جاو گھر کے اندر ۔۔۔۔

بشیر سخت لہجے میں بولا ۔۔۔آپ چائے رہنے دیں ۔۔۔۔مجھے میرا کرایہ دیں ۔۔۔ 

چاچا کمال آہستہ سے بولے ۔۔۔۔کل دے دوں گا ۔۔کل شام کو آ جانا ۔۔۔۔

گھر گئے ۔۔۔بوڑھی بیوی کھانس رہی تھی ۔۔۔۔چاچا کمال کے 3 بچے تھے ۔۔۔سب سے بڑی ایک بیٹی جو 20 سال کی تھی ۔۔چھوٹا بیٹا 17 سال کا جو ابھی سکول پڑھ رہا تھا  اور سب سے چھوٹی بیٹی 12 سال کی ۔۔۔۔

بیٹی کو آواز دی ۔۔۔آرزو بیٹیا  ۔۔پانی کا گلاس دو ایک ۔۔۔۔۔

آرزو پانی لیکر آئی ۔۔۔پانی کا گھونٹ بھرا ۔۔۔کسی سوچ میں گم ہو گئے ۔۔۔۔

بیٹا پاس آیا ۔۔۔ابا پرسوں پہلا روزہ ہے ۔۔۔۔

رمضان کا سامان لانے کب جانا ہے ۔۔۔۔

اور ہاں ۔۔۔۔آپ نے کہا تھا اس رمضان آپنی فریج لے لیں گے ۔۔۔

وہ کب لانی  ہے ۔۔۔

ابا مسکرائے ۔۔۔۔لے آئیں گے پتر لے آئیں گے ۔۔۔اللہ دے گا۔۔۔۔

مغرب کی اذان ہونے لگی ۔۔۔۔۔

سب وضو کرنے لگے ۔۔۔۔نماز ادا کی ۔۔۔۔

دوسرے دن ۔۔۔۔۔بیوی بولی ۔۔۔اے جی سنتے ہیں ۔۔۔آپ نے آج کام پہ نہیں جانا ۔۔۔ٹائم دیکھیں 9 بج گئے ہیں ۔۔۔

چاچا کمال بیوی کی بوڑھی آنکھوں میں دیکھ کر بولے ۔۔۔

ابھی ہمارے امتحان باقی ہیں ۔۔۔ابھی شاید ۔۔ہمارا سفر آزمائش باقی ہے ۔۔۔۔

صاحب نے مجھے نوکری سے نکال دیا کہتے ہیں اب ضرورت نہیں ہے ۔۔۔۔

بوڑھی بیوی ۔ ۔۔کا سر ہی چکرا گیا۔۔۔۔

پاس بیٹھی ۔۔۔۔رمضان شروع ہو رہا ۔۔۔

کل پہلا روزہ ہے بچے رمضان کا سامان لانے کی بات کر رہے تھے ۔۔اور اب ہمارے لیے ایک اور امتحان ۔۔۔۔

کب ہمارے خوشحال دن آئیں گے۔۔۔چاچا کمال اداسی میں بولے اللہ وارث ہے پریشان نہ ہو ۔۔۔۔

دوسری طرف ۔۔۔۔بازاروں میں لوگوں کا ہجوم تھا لوگ سحری افطاری کا سامان خرید رہے تھے ۔۔۔

سیب کیلا ۔۔۔تربوز   روح افزا ۔۔۔وغیرہ لوگ لیئے جا رہے تھے ۔۔۔

چاچا کمال کا بیٹا ۔۔۔اہنے دوست کے بازار گیا ۔۔۔۔

اس کے دوست نے بھی سامان لینا تھا ۔۔۔۔

چاچا کمال کا بیٹا مزمل ۔۔۔۔حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہا تھا ۔۔۔لوگ کتنا سامان لیکر جا رہے ہیں ۔۔۔۔

میں بھی ابا کو جا کر کہتا ہوں ۔۔۔ہم بھی رمضان کے لیئے سامان لے جائیں ۔۔۔۔

ادھر چاچا کمال ۔۔۔آفس سے جو بھی حساب ملا تھا ۔۔۔۔وہ سارے پیسے لا کر ۔۔۔مالک مکان کو دے دیئے ۔۔۔۔

اب جیب پھر سے خالی ہو گئی ۔۔۔۔

پریشانی کا عالم تھا ۔۔۔۔جانتا تھا بچے بازار جانے کا کہیں گے۔۔۔بچوں کا سامنا کیسے کرتا ۔۔۔۔

ہمت کی گھر چلے گئے ۔۔۔۔بیٹا دیکھ کر بولا ۔۔۔ابا آپی نے یہ سامان کی لسٹ لکھ کر دی ہے ۔۔۔چلو ہم بھی سیب پہلے لے کر آتے ہیں ۔۔۔۔

آنسو پلکوں کے پیچھے چھپا لیے۔۔۔آہستہ سے بولے۔۔۔۔

پتر مجھے پرسوں تنخواہ مل جانی ہے ۔۔۔پھر جا کر لے آئیں گے ۔۔۔۔

مزمل ۔۔افسردگی میں بولا ۔۔۔ابا وہ ہمارے ہمسائے کا بیٹا ہے نا غفار میرا دوست ۔۔۔میں اس کے ساتھ گیا تھا ۔۔۔وہ پورے پانچ ہزار کا سامان لیکر آیا ہے ۔۔۔۔

ابا چپ ہو گئے ۔۔۔۔۔

آج پہلا روزہ تھا ۔۔۔۔سحری میں کھانے کے لیئے کیا تھا وہی رات کا بنا ہوا کھانا ۔۔۔۔

چائے بنانے کے لیئے نہ دودھ تھا ۔۔۔۔نہ کھانے کے لیئے دہی ۔۔

رات کی بچی ہوئی سبزی گرم کی سب نے سحری کی ۔۔۔

عبادت کرنے لگے۔۔۔۔

افطاری کا وقت تھا ۔۔۔۔بڑی بیٹی نے ڈال چاول بنائے ۔۔۔۔

چھوٹی بہن کو بولا ۔۔۔جا ہمسائے کے گھر سے برف مانگ لا۔۔۔۔

چھوٹی بہن ۔۔۔نے ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔۔۔۔۔

ایک عورت نے دروازہ کھولا ہاں کیا ہے ۔۔۔۔

آنٹی میری آتی کہہ رہی ہے تھوڑی برف دینا ۔۔۔۔

وہ عورت منہ بنا کر بولی کوئی نہیں ہے برف ۔۔۔ہر رمضان تم لوگ آ جاتے ہو   ہم نے ٹھیکہ لیا ہوا تم۔لوگوں گا ۔۔۔۔چھوٹی بہن عافیہ ۔۔۔خاموش ہو گئی ۔۔۔۔۔واپس آنے لگی۔۔۔وہ عورت بولی  رک جا آج لے جا ۔۔۔کل سے نہ آنا۔۔۔۔

شازیہ بھی روزے سے تھی ۔۔۔۔

برف لا کر دی آپی کو۔۔۔۔آپی سے کہنے لگی آپی آنٹی نے اتنی باتیں کی ہیں میں نہیں جانا کل سے برف مانگنے ۔۔۔۔

آپی سمجھ سکتی تھی ۔۔۔۔خاموش ہو گئی ۔۔۔

سب افطاری کے لیئے بیٹھے تھے ۔۔۔

سادہ پانی ۔۔۔۔چند کھجوریں دستر  خوان پہ تھیں ۔۔۔

اذان ہوی افطاری کرنے لگے ۔۔۔۔

چھوٹی بیٹی بولی ۔۔ابا جن کے گھر میں برف لینے گئی تھی نا 

۔۔وہ سیب والا جوس بنا رہےتھے ۔۔انھوں نے اتنا زیادہ فروٹ کاٹا ہوا تھا ۔۔۔

وہ نا لال والا میٹھا پانی ہوتا ہے نا ۔۔۔۔

وہ بھی بنا رہے تھے ۔۔۔۔

ابا ہم کو بھی لا کر دو نا ۔۔۔۔

چاچا کمال نے سر پہ ہاتھ پھیرا میری بچی اللہ دے گا ہم کو۔۔۔

بیٹا ۔۔۔کہنے لگا ابا میں کل سے مسجد میں افطاری کیا کروں گا ۔۔۔وہاں لوگ ۔۔۔بہت سارا سامان دیتے ہیں ۔۔۔

ماں آہستہ سے بولی ۔۔کوئی ضرورت نہیں گھر ہی رہو۔۔۔

آج دس روزے گزر گئے تھے ۔۔۔

بچے ہر روز پکوڑے سموسے ۔۔یا پھل فروٹ کا کہتے ابا ہر روز  ٹال دیتا۔۔۔

مزمل ضد کرنے لگا  ۔۔ابا ہر روز گرم پانی سے افطاری کرتے ہیں ۔۔کچھ بھی نہیں ہے گھر میں ۔۔۔

ہم کو آج سیب کیلے  لا کر دو۔۔۔۔

چاچا کمال مسکرانے لگے ۔۔۔اچھا میں جاتا ہوں بازار ۔۔۔۔لے کر آتا ہوں ۔۔۔۔

۔۔۔

چاچا کمال بازار گئے پاس صرف 30 روپے تھے ۔۔۔۔

ایک پھل والے سے پوچھا ۔۔۔۔یہ سیب کتبے کے کلو ہیں ۔۔۔

اس نے بتایا یہ 300 کے اور یہ 350 کے ۔۔۔

ہر چیز کا ریٹ آسمان کو چھو رہا تھا ۔۔۔

چاچا خامواس ہو گئے پھر بولے۔۔۔یہ لق 30 روپے ۔۔اس کے جتنے سیب آتے ہیں مجھے دے دو۔۔۔

دکان والا ہنسنے لگا ۔۔۔۔

چاچا 30 کا بس ایک سیب آئے گا ۔۔۔

اتفاق سے سمیر بھی پھل خریدنے آیا تھا ۔۔۔۔وہ اپنی کار میں بیٹھا ہوا تھا ۔۔۔۔اس کی نظر چاچا کمال پہ پڑی۔۔۔

چاچا کمال دکان والے سے بولا ۔۔۔۔وہ جو نیچے والی ٹوکری میں  سیب کیلا پڑا ہے وہ دے دو۔۔۔

دکان والا بولا چاچا وہ میں اپنی بکریوں کو دیتا ہوں خراب پھل ہے وہ۔۔۔

چاچا کمال بولے 30 روپے رکھ لے وہ مجھے دے دو۔۔میرے بچوں نے آج 10 روزے گزر گئے ایک دن بھی فروٹ نہیں کھایا ۔۔۔ایک کھجور سے افطاری کرتے ہیں ۔۔۔اللہ تمہارا بھلا کرے گا ۔۔۔

دکان والے کو ترس آ گیا ۔۔۔30 روپے واپس کیئے۔۔۔

جا چاچا ساعی ٹوکری اٹھا کر لے جا۔۔۔

سمیر سب کچھ دیکھ رہا تھا ۔۔۔

چاچا کمال دعائیں دینے لگا ۔۔۔خراب فروٹ کی ٹوکری سے کچھ صیح صیح پھل ایک شاپر میں ڈالنے لگا۔۔۔۔

ساتھ دعائیں دے رہا تھا ۔۔۔

یہ منظر دیکھ کر سمیر کی آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔۔۔اسے اپنا افطاری کا دستر خوان یاد آیا ۔۔طرح طرح کے پھل پکوڑے سموسے ۔۔۔بریانی جوس جام شیریں ۔۔۔۔

دل میں ایک تڑپ سی پیدا ہوئی ۔۔۔چاچا کمال پیدل تیز قدموں سے چلتا جا رہا تھا ۔۔۔۔

افطاری کا وقت قریب تھا ۔۔۔۔

سمیر بھئ کار لیئے پیچھے پیچھے جانے لگا۔۔۔۔

چاچا کا گھر دیکھا ۔۔۔پھر جلدی سے بازار آیا ۔۔۔ضرورت کا سامان لیا ۔۔۔۔

کار چاچا کمال کے گھر کے سامنے پارک کی ۔۔دروزے پہ دستک دی۔۔۔۔

مزمل نے دروازہ کھولا ۔۔۔

سمیر بولا چاچا کمال کا گھر یہی ہے ۔۔۔مزمل نے ہاں میں سر ہلایا میں ان کا بیٹا ہوں ۔۔۔اندر آ جائیں ۔۔۔

اتنے میں اذان ہونے لگی۔۔۔۔سمیر گھر میں داخل ہوا۔۔۔۔

دیکھا زمیں پہ دستر خوان بچھایا ہوا۔۔

چند کھجوریں ایک پلیٹ میں تھیں اور وہ چلا سڑا سا فروٹ کاٹ کر پلیٹ میں رکھا ہوا تھا ۔۔۔

سادہ پانی گلاس میں بھرا ہوا۔۔۔

کار سے پھل فروٹ نکالا ان کو دیا ۔۔۔۔کمال چاچا کی آنکھوں میں آنسو آ گئے ۔۔۔۔

پکوڑے سموسے بھی دیئے ۔۔۔۔

سب کے چہرے پہ ایک مسکراہٹ سی  چھا گئی 

ان کے ساتھ بیٹھ کر افطاری کی ۔۔۔۔

چاچا کی طرف دیکھ کر بولا    چاچا آپ کل سے آفس آ جانا ۔۔۔اور ہاں ہر روز افطاری کا سامان آپ کے گھر پہنچ جایا کرے گا۔۔۔کمال چاچا ہزاروں دعائیں دینے لگے۔۔۔

سمیر گھر جا رہا تھا آج دل کو  ایک عجیب سا سکون محسوس کو رہا تھا . گھر گیا ۔۔۔حجاب سے کہنے لگا ۔۔کل سے صرف افطاری کا سامان صرف ضروت کا کاٹنا ۔۔۔۔

افطاری ایک کھجور سے بھی کی جا سکتی ہے ۔۔لیکن بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کو ایک کھجور بھی میسر نہیں ۔۔۔

کل سے کچھ فروٹ چاچا کمال کے گھر بیجھ دیا کرنا ۔۔۔

اتنے میں فون کی گھنٹی بجی ۔۔۔

 

دوسری طرف سے ۔۔۔دوسری کپمنی کا مینجر بات کر رہا تھا ۔۔۔سر آپ کے اکاونٹ میں 20 لاکھ روپے ٹرانسفر کر دیئے گئے ہیں ۔۔مزید باقی کے پیسے آپ کو عید تک مل جائیں گے ۔۔۔

سمیر آسمان کی طرف دیکھنے لگا۔۔۔

ایک سکون اس کے چہرے پہ چھلک رہا تھا کہنے لگا

حجاب کو پاس بیٹھا کر بولا 

 

 

آج بہت خوش تھا ۔۔۔

چھوٹی سی نیکی نے کتنا کچھ بدل دیا۔۔۔چاچا کمال کے گھر مسکراہٹیں خوشبو بن کر مہکنے لگیں   ۔۔۔

سمیر کی کپمنی کو پیسے مل گئے ۔۔۔

 

رمضان کریم آنے والا ہے ۔۔۔اپنے آس پاس ایسے لوگوں کا خیال رکھنا ۔۔۔آپ کے دستر خوان پہ طرح طرح کے کھانے موجود ہیں تو ۔۔۔سوچنا کسی کے گھر میں شاید ایک کھجور بھی نہیں ہے ۔۔۔رمضان عبادت کا  مہینہ ہے ۔۔۔کوشش کرنا آپ کی چھوٹی سی نیکی ۔۔۔کسی کے چہروں پہ مسکراہٹ بکھیر دے۔۔۔مستحق لوگوں تک یہ خوشیاں پہنچانا ۔۔۔

شاید  اللہ پاک کو آپ کی یہ نیکی پسند آ جائے اور وہ رحمتوں کی برسات کر دے ۔۔۔

یہ تحریر پڑھ کر اگر کسی ایک گھر تک بھی مدد پہنچ گئی تو مقصد پورا ہو جائے گا۔eh

 

 

مائیں جب بچوں کو نماز سکھانا چاہتی ہیں تو انہیں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔۔

 

آج ہم دیکھتے ہیں ان کو کیسے handle کیا جائے-❗❕ 

⚡بچوں کو نماز کے آداب میں لباس کا ٹھیک ہونا ضرور سکھائیں ۔۔۔

 

بچوں کو بتائیں ایسے لباس میں نماز پڑھنی ہے جو پورا جسم cover کرے۔👘

 

اور اگر ٹائٹ لباس ہے تو اوپر بڑی چادر لیں جو ٹائٹ حصوں کو ڈھانپ لے۔

 

لڑکوں کی شرٹ بھی چھوٹی نہ ہو کہ کمر نظر آئے👕

 

لڑکیوں کے بال نظر نہیں آنے چاہیں ۔۔👨🚀

 

🤔اب مسئلہ یہ ہے کہ مائیں خود عبایا پہنے ہوتی ہیں ۔ساتھ بچوں کے لباس دیکھنے کے لائق ہوتے ہیں ۔اور مائیں کہتی ہیں یہی عمر ہے ان کی خواہشات کی ۔

 

🍃آٹھ سال تک بچے مکمل ماں کے کنٹرول میں ہوتے ہیں انہیں جو پہنایا جاتا ہے وہ پہنتے ہیں ۔۔۔جب ہم خود انہیں double standard دیتے ہیں کہ بیٹا کلاس میں یہ ڈریس پہن لو ۔۔اور شادی پر یہ پہن جانا تو غلطی ہماری ہوتی ہے ۔۔۔

 

 بچوں کو اچھا پہنائیں لیکن ان کے اندر حیا کو بھی بچپن سے پروان چڑھائیں ۔۔

 ✨✨✨💧✨✨✨

🕌 بچوں کو اذان کے آداب سکھائیں بلکہ خود رول ماڈل بنیں-

جب اذان ہو رہی ہو بچے کو خاموش ہونے کا لیکچر دینے کی بجائے خود خاموش ہو جائیں ۔۔بچہ بات کرنا بھی چاہے تو اسے پتہ ہو ماں اذان کے لیے خاموش ہے 

 

⚡ لڑکوں کو اذان سکھائیں اور اس کا اجر بتا کر ترغیب دیں

 

لڑکیوں کو بھی اذان یاد کروائیں وہ اپنے بھائیوں کو یاد کروا سکتی ہے یا بچوں کو 

 

⚡ بچوں کو وقت پر نماز پڑھنا سکھائیں ۔۔

📚 بچوں کو احادیث کے ذریعے ترغیب دیں کہ سستی سے منافق نماز پڑھتے ہیں

 

⚡اس سے بچوں کے اندر مضبوط قوت ارادی پروان چڑھتی ہے۔ ان کو ہر کام  وقت پر کرنے کی عادت پڑے گی 

 

⚡ماؤں کو بھی چاہیے اپنے اندر مضبوط قوت ارادی پروان چڑھائیں  کہ جو سوچیں اس پر فوراً عمل کر یں ۔۔

 

⚡ بچوں کو نماز کے لئے اذان سے پہلے تیار کریں کہ بیٹا اتنے منٹ رہ گئے اذان میں آ جاؤ جلدی سے وضو کر لیں ۔۔

 

⚡آج ہم سب سے پہلے اللہ کو نماز بھیجیں گے۔۔

ماں کو چاہیے جو بھی ہو سکون والی نماز پڑھے ۔یہی عادت  بچوں میں منتقل ہو گی ۔۔

 

📖 بچوں کو شوق دلائیں آیات اور احادیث کے ذریعے ۔۔

بچوں کو دعا دیں ۔بیٹا جیسے آپ سکول میں سب سے آگے ہو ۔۔ایسے نماز بھی  سب سے اچھی پڑھنے والے بنو۔۔

✨✨✨💧✨✨✨

 

 بچوں کو مسجد کی فضیلت اور آداب بتائیں ۔۔۔👇🏻👇🏻👇🏻

انکو سات سال سے پہلے مسجد بھیجیں ۔

 

آداب سکھائیں ۔۔۔۔

 

🚶🏻 پہلے دایاں پاؤں مسجد میں رکھتے ہیں

 

دعا پڑھتے ہیں

 

جوتے سائیڈ پہ اتارتے ہیں 👞👟 

 

🗣 شور نہیں کرتے🙌🏻

 

✨✨✨💧✨✨✨

بچوں کو جمعہ کے آداب سکھائیں ۔👇🏻👇🏻👇🏻

 

🛀 غسل کرنا

 

🎋 مسواک کرنا

 

💈 خوشبو لگانا

 

📖 سورۃ الکہف پڑھنا

 

📿 بچوں کے سامنے زیادہ سے زیادہ درود پڑھیں

 

اللہ ہمیں اپنا فرائض اچھی طرح ادا کرنے کی توفیق دے۔۔۔ آمین

 

🕌مدینہ منورہ میں کوئی  بچوں کی تربیت کا خاص مدرسہ نہیں تھا ۔

 

اس وقت کے باپ بھی گھر سے باہر تھے 

اس وقت بھی بچوں کی تربیت کرنے والی اکیلی ماں تھی ۔۔

 

⚡ انہوں نے تو جلیل القدر صحابہ کی پرورش کی۔

 

ذرا سوچئے ۔۔۔ہم کہاں غلطی کر رہے ہیں

 

مزید ایسی پوسٹیں حاصل کرنے کے لیے ھمارا گروپ جواٸن کریں

 

 

 

ایک استاد تھا وہ اکثر اپنے شاگردوں سے کہا کرتا تھا کہ یہ دین بڑا قیمتی ہے۔ ایک روز ایک طالب علم کا جوتا پھٹ گیا۔ وہ موچی کے پاس گیا اور کہا: میرا جوتا مرمت کردو۔ اس کے بدلہ میں ، میں تمہیں دین کا ایک مسئلہ بتاؤں گا۔

موچی نے کہا :اپنا مسئلہ رکھ اپنے پاس۔ مجھے پیسے  دے۔

طالبِ علم نے کہا :میرے پاس پیسے تونہیں ہیں۔

موچی کسی صورت نہ مانا۔ اور بغیر پیسے کے جوتا مرمت نہ کیا۔طالبِ علم اپنے استاد کے پاس گیا اور سارا واقعہ سُنا کر کہا:

لوگوں کے نزدیک دین کی قیمت کچھ بھی نہیں۔ استاد عقل مند تھے: طالبِ علم سے کہا:

اچھا تم ایسا کرو: میں تمہیں ایک موتی دیتا ہوں تم سبزی منڈی جا کر اس کی قیمت معلوم کرو۔

وہ طالبِ علم موتی لے کر سبزی منڈی پہنچا اور ایک سبزی فروش سے کہا:

اس موتی کی قیمت لگاؤ۔اس نے کہا کہ تم اس کے بدلےیہاں سے دو تین لیموں اُٹھا لو۔اس موتی سے میرے بچے کھیلیں گے۔ وہ بچہ استاد کے پاس آیا اور کہا: اس موتی کی قیمت دو یا تین لیموں ہے۔

استاد نے کہا:

اچھا اب تم اس کی قیمت سُنار سے معلوم کرو۔وہ گیا اور پہلی ہی دکان پر جب اس نے موتی دکھایا تو دکان دار حیران رہ گیا۔

اس نے کہا اگر تم میری پوری دکان بھی لے لو تو بھی اس موتی کی قیمت پوری نہ ہوگی۔ طالبِ علم نے اپنے استاد کے پاس آکر ماجرا سُنایا۔ استاد نے کہا:

بچے! ہر چیز کی قیمت اس کی منڈی میں لگتی ہے۔ دین کی قیمت اللہ کی منڈی میں لگتی ہے۔اس قیمت کو اہلِ علم ہی 

سمجھتے ہیں۔ جاہل کیا جانے دین کی قیمت کیا ہے ۔۔              علماء کے بارے میں علماء اوراچھے لوگوں سے پوچھو

اگر جاھلوں سے پوچھو گے تو وہ یھی بتائیں گے کہ علماء اچھے نھیں ہیں 





 یہ واقعہ حیران کن بھی ہے اور دماغ کو گرفت میں بھی لے لیتا ہے‘ 

 

 حضرت موسیٰ علیہ السلام نے ایک بار اللہ تعالیٰ سے پوچھا 

’’ یا باری تعالیٰ انسان آپ کی نعمتوں میں سے کوئی ایک نعمت مانگے تو کیا مانگے؟‘‘ 

 

اللہ تعالیٰ نے فرمایا 

 

’’ صحت‘‘۔ 

 

میں نے یہ واقعہ پڑھا تو میں گنگ ہو کر رہ گیا‘

 

صحت اللہ تعالیٰ کا حقیقتاً بہت بڑا تحفہ ہے اور قدرت نے جتنی محبت 

اور 

منصوبہ بندی انسان کو صحت مند رکھنے کے لیے کی اتنی شاید پوری کائنات بنانے کے لیے نہیں کی-

 

‘ ہمارے جسم کے اندر ایسے ایسے نظام موجود ہیں کہ ہم جب ان پر غور کرتے ہیں تو عقل حیران رہ جاتی ہے

‘ ہم میں سے ہر شخص ساڑھے چار ہزار بیماریاں ساتھ لے کر پیدا ہوتا ہے۔

 

یہ بیماریاں ہر وقت سرگرم عمل رہتی ہیں‘ مگر ہماری قوت مدافعت‘ ہمارے جسم کے نظام ان کی ہلاکت آفرینیوں کو کنٹرول کرتے رہتے ہیں‘

 مثلا

ً ہمارا منہ روزانہ ایسے جراثیم پیدا کرتا ہے جو ہمارے دل کو کمزور کر دیتے ہیں 

مگر 

ہم جب تیز چلتے ہیں‘ 

جاگنگ کرتے ہیں یا واک کرتے ہیں تو ہمارا منہ کھل جاتا ہے‘

 ہم تیز تیز سانس لیتے ہیں‘

 یہ تیز تیز سانسیں ان جراثیم کو مار دیتی ہیں اور

 یوں ہمارا دل ان جراثیموں سے بچ جاتا ہے‘

 

 مثلاً

 دنیا کا پہلا بائی پاس مئی 1960ء میں ہوا مگر

 قدرت نے اس بائی پاس میں استعمال ہونے والی نالی لاکھوں‘ کروڑوں سال قبل ہماری پنڈلی میں رکھ دی‘ یہ نالی نہ ہوتی تو شاید دل کا بائی پاس ممکن نہ ہوتا‘

 

 مثلاً گردوں کی ٹرانسپلانٹیشن 17 جون 1950ء میں شروع ہوئی مگر قدرت نے کروڑوں سال قبل ہمارے دو گردوں کے درمیان ایسی جگہ رکھ دی جہاں تیسرا گردہ فٹ ہو جاتا ہے‘ 

 

ہماری پسلیوں میں چند انتہائی چھوٹی چھوٹی ہڈیاں ہیں۔

یہ ہڈیاں ہمیشہ فالتو سمجھی جاتی تھیں مگر آج پتہ چلا دنیا میں چند ایسے بچے پیدا ہوتے ہیں جن کے نرخرے جڑے ہوتے ہیں‘ یہ بچے اس عارضے کی وجہ سے اپنی گردن سیدھی کر سکتے ہیں‘ نگل سکتے ہیں اور نہ ہی عام بچوں کی طرح بول سکتے ہیں

 

‘ سرجنوں نے جب ان بچوں کے نرخروں اور پسلی کی فالتو ہڈیوں کا تجزیہ کیا تو معلوم ہوا پسلی کی یہ فالتو ہڈیاں اور نرخرے کی ہڈی ایک جیسی ہیں چنانچہ سرجنوں نے پسلی کی چھوٹی ہڈیاں کاٹ کر حلق میں فٹ کر دیں اور یوں یہ معذور بچے نارمل زندگی گزارنے لگے‘ 

 

مثلاً ہمارا جگر جسم کا واحد عضو ہے جو کٹنے کے بعد دوبارہ پیدا ہو جاتا ہے

 

‘ ہماری انگلی کٹ جائے‘ بازو الگ ہو جائے یا جسم کا کوئی دوسرا حصہ کٹ جائے تو یہ دوبارہ نہیں اگتا جب کہ جگر واحد عضو ہے جو کٹنے کے بعد دوبارہ اگ جاتا ہے

 

‘ سائنس دان حیران تھے قدرت نے جگر میں یہ اہلیت کیوں رکھی؟ آج پتہ چلا جگر عضو رئیس ہے‘

 اس کے بغیر زندگی ممکن نہیں اور اس کی اس اہلیت کی وجہ سے یہ ٹرانسپلانٹ ہو سکتا ہے‘ 

 

آپ دوسروں کو جگر ڈونیٹ کر سکتے ہیں

 

‘ یہ قدرت کے چند ایسے معجزے ہیں جو انسان کی عقل کو حیران کر دیتے ہیں جب کہ ہمارے بدن میں ایسے ہزاروں معجزے چھپے پڑے ہیں اور یہ معجزے ہمیں صحت مند رکھتے ہیں۔

 

ہم روزانہ سوتے ہیں‘ 

ہماری نیند موت کا ٹریلر ہوتی ہے‘ انسان کی اونگھ‘ نیند‘ گہری نیند‘ بے ہوشی اور موت پانچوں ایک ہی سلسلے کے مختلف مراحل ہیں‘ 

 

ہم جب گہری نیند میں جاتے ہیں تو ہم اور موت کے درمیان صرف بے ہوشی کا ایک مرحلہ رہ جاتا ہے‘ ہم روز صبح موت کی دہلیز سے واپس آتے ہیں مگر ہمیں احساس تک نہیں ہوتا‘ 

 

صحت دنیا کی ان چند نعمتوں میں شمار ہوتی ہے یہ جب تک قائم رہتی ہے ہمیں اس کی قدر نہیں ہوتی

 مگر

 جوں ہی یہ ہمارا ساتھ چھوڑتی ہے‘ 

ہمیں فوراً احساس ہوتا ہے یہ ہماری دیگر تمام نعمتوں سے کہیں زیادہ قیمتی تھی‘ 

 

ہم اگر کسی دن میز پر بیٹھ جائیں اور سر کے بالوں سے لے کر پاوں کی انگلیوں تک صحت کا تخمینہ لگائیں تو ہمیں معلوم ہو گا ہم میں سے ہر شخص ارب پتی ہے

 

‘ ہماری پلکوں میں چند مسل ہوتے ہیں۔

یہ مسل ہماری پلکوں کو اٹھاتے اور گراتے ہیں‘ اگر یہ مسل جواب دے جائیں تو انسان پلکیں نہیں کھول سکتا

 

‘ دنیا میں اس مرض کا کوئی علاج نہیں

 

‘ دنیا کے 50 امیر ترین لوگ اس وقت اس مرض میں مبتلا ہیں اور یہ صرف اپنی پلک اٹھانے کے لیے دنیا بھر کے سرجنوں اور ڈاکٹروں کو کروڑوں ڈالر دینے کے لیے تیار ہیں‘ 

 

ہمارے کانوں میں کبوتر کے آنسو کے برابر مائع ہوتا ہے‘ یہ پارے کی قسم کا ایک لیکوڈ ہے‘ ہم اس مائع کی وجہ سے سیدھا چلتے ہیں

 

‘ یہ اگر ضائع ہو جائے تو ہم سمت کا تعین نہیں کر پاتے‘ 

ہم چلتے ہوئے چیزوں سے الجھنا اور ٹکرانا شروع کر دیتے ہیں ‘ 

 

دنیا کے سیکڑوں‘ ہزاروں امراء آنسو کے برابر اس قطرے کے لیے کروڑوں ڈالر دینے کے لیے تیار ہیں‘

 

 لوگ صحت مند گردے کے لیے تیس چالیس لاکھ روپے دینے کے لیے تیار ہیں‘ 

 

آنکھوں کا قرنیا لاکھوں روپے میں بکتا ہے‘

 

 دل کی قیمت لاکھوں کروڑوں میں چلی جاتی ہے‘

 

 آپ کی ایڑی میں درد ہو تو آپ اس درد سے چھٹکارے کے لیے لاکھوں روپے دینے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں‘ 

 

دنیا کے لاکھوں امیر لوگ کمر درد کا شکار ہیں۔

 

گردن کے مہروں کی خرابی انسان کی زندگی کو اجیرن کر دیتی ہے‘

 

 انگلیوں کے جوڑوں میں نمک جمع ہو جائے تو انسان موت کی دعائیں مانگنے لگتا ہے

 

‘ قبض اور بواسیر نے لاکھوں کروڑوں لوگوں کی مت مار دی ہے‘ 

 

دانت اور داڑھ کا درد راتوں کو بے چین بنا دیتا ہے‘

 

 آدھے سر کا درد ہزاروں لوگوں کو پاگل بنا رہا ہے‘

 

 شوگر‘

 کولیسٹرول

 اور

 بلڈ پریشر کی ادویات بنانے والی کمپنیاں ہر سال اربوں ڈالر کماتی ہیں

 اور

 آپ اگر خدانخواستہ کسی جلدی مرض کا شکار ہو گئے ہیں تو آپ جیب میں لاکھوں روپے ڈال کر پھریں گے مگر آپ کو شفا نہیں ملے گی‘ 

 

منہ کی بدبو بظاہر معمولی مسئلہ ہے مگر لاکھوں لوگ ہر سال اس پر اربوں روپے خرچ کرتے ہیں‘

 

 ہمارا معدہ بعض اوقات کوئی خاص تیزاب پیدا نہیں کرتا اور ہم نعمتوں سے بھری اس دنیا میں بے نعمت ہو کر رہ جاتے ہیں۔

 

ہماری صحت اللہ تعالیٰ کا خصوصی کرم ہے مگر 

ہم لوگ روز اس نعمت کی بے حرمتی کرتے ہیں‘ 

 

ہم اس عظیم مہربانی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا نہیں کرتے‘

 ہم اگر روز اپنے بستر سے اٹھتے ہیں

‘ ہم جو چاہتے ہیں ہم وہ کھا لیتے ہیں اور یہ کھایا ہوا ہضم ہو جاتا ہے‘

 ہم سیدھا چل سکتے ہیں‘

 دوڑ لگا سکتے ہیں‘ 

جھک سکتے ہیں

 اور

 ہمارا دل‘ دماغ‘ جگر اور گردے ٹھیک کام کر رہے ہیں

‘ ہم آنکھوں سے دیکھ‘ 

کانوں سے سن‘ 

ہاتھوں سے چھو‘ 

ناک سے سونگھ

 اور منہ سے چکھ سکتے ہیں

 

 تو پھر ہم سب اللہ تعالیٰ کے فضل‘

 اس کے کرم کے قرض دار ہیں

 اور 

ہمیں اس عظیم مہربانی پر اپنے اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے

 کیونکہ 

صحت وہ نعمت ہے جو اگر چھن جائے تو ہم پوری دنیا کے خزانے خرچ کر کے بھی یہ نعمت واپس نہیں لے سکتے‘ 

 

ہم اپنی ریڑھ کی ہڈی سیدھی نہیں کر سکتے۔

 

یا اللہ تیرا لاکھ لاکھ شکر ہے۔ —

اگر آپ نے شکر ادا نہیں کیا تو جلدی شکر ادا کرلیں۔

پاک ترک میڈیا فورم

 

 

مولوی محنت مزدوری کر کے اپنا پیٹ کیوں نہیں پالتے؟

جواب:  بقلم مولانا زاھدالراشدی

 

محراب ومنبر کے وارث اور محنت مزدوری

ازقلم: حضرت مولانا زاہد الراشدی صاحب

 

 

 

 

محترم راجہ انور صاحب کو شکایت ہے کہ محراب ومنبر کے وارث مزدوری کیوں نہیں کرتے؟ ان کی بڑی تعداد محنت مزدوری یا نوکری اور تجارت سے اپنا پیٹ کیوں نہیں پالتی؟ ان میں سے اکثر چندے اور قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے بجائے جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر یا وزن اٹھا کر اپنی روزی کیوں نہیں کماتے؟

یہ شکایت نئی نہیں، بہت پرانی ہے اور جب مسجد اور مدرسہ نے ایک ریاستی ادارے کی حیثیت سے محروم ہوکر پرائیویٹ ادارے کی حیثیت اختیار کی ہے اور اسے اپنا وجود برقرار رکھنے اور نظام چلانے کے لیے صدقہ، زکوٰۃ، قربانی کی کھالوں اور عوامی چندے کا سہارا لینا پڑا ہے، تب سے یہ شکوہ زبانوں پر ہے اور مختلف طریقوں سے وقتاً فوقتاً اس کا اظہار ہوتا رہتا ہے۔

مغل حکومت کے دور میں مسجد ومدرسہ کو ریاستی ادارے کی حیثیت حاصل تھی۔ ان کے اخراجات کی ذمہ داری ریاست پر تھی۔ درس نظامی ملک کا سرکاری نصاب تعلیم تھا اور عدالتوں میں اسلامی احکام وقوانین کی عمل داری تھی۔ جب اس سارے سسٹم کو ۱۸۵۷ء کی جنگ آزادی میں مسلمانوں کی ناکامی کے بعد انگریزی سرکار نے لپیٹ کرایک طرف رکھ دیا اور مساجد ومدارس کی بندش کے ساتھ ساتھ ان کے لیے مخصوص اوقاف ووسائل بھی ضبط کر لیے تو باقی سارے معاملات سے قطع نظر کم سے کم عام مسلمانوں کی عبادات کا نظام برقرار رکھنے اور ان کے لیے دینی تعلیم کا تسلسل قائم رکھنے کے لیے عوامی چندے اور زکوٰۃ وصدقات کے ذریعے سے مسجد ومدرسہ کے نظام کو چلانے کا رجحان پیدا ہوا اور کچھ اصحاب بصیرت نے غریب عوام کے سامنے جھولی پھیلا کر زکوٰۃ وصدقہ اکٹھا کرکے، قربانی کی کھالیں جمع کرکے بلکہ ایک ایک گھر سے روٹی مانگ کر مسجد ومدرسہ کے اس نظام کو تباہ ہونے سے بچا لیا، ورنہ تاشقند اور سمرقند میں ایسی مساجد میں نے خود دیکھی ہیں اور وہاں نمازیں ادا کی ہیں جو گزشتہ نصف بلکہ پون صدی کے عرصہ میں سیمنٹ کے گودام اور سینماہال کے طورپر استعمال ہوتی رہی ہیں۔ اگر ہمارے ہاں کے منبر ومحراب کے وارث کھالوں اور چندوں کے پیچھے نہ پھرتے تو یہاں بھی صورت حال تاشقند اور سمرقند سے مختلف نہ ہوتی۔

مسجد ومدرسہ مولوی اور چندہ کے اس نظام پر دو قسم کے حضرات کو اعتراض ہے اور ان کی شکایت کے پس منظر کو الگ الگ طورپر سمجھنا ضروری ہے۔ کچھ حضرات کو تو اس بات پر غصہ ہے اور وہ اپنے غیظ وغضب کو چھپانے میں کامیاب نہیں ہو رہے کہ یہ نظام ابھی تک بدستور قائم کیوں ہے؟ اور نہ صرف قائم ہے بلکہ مغرب اور اسلام کے درمیان گلوبل سولائزیشن وار میں ایک ناقابل تسخیر مورچہ کی حیثیت کیوں اختیار کیے ہوئے ہے؟ اور چونکہ اس نظام کے باقی رہنے بلکہ دن بدن ترقی کرنے میں ظاہری سبب یہی صدقہ زکوٰۃ، قربانی کی کھالیں اور چندہ ہے، اس لیے انہیں یہ سارا کچھ بر ا لگتا ہے، لیکن کچھ حضرات خیر خواہی اور خلوص کے جذبہ کے ساتھ بھی اس خواہش کا اظہار کر دیتے ہیں کہ علماے کرام کو صدقہ وزکوٰۃ کے بجائے کوئی ہنر اپنا کر اپنی معیشت کا انتظام کرنا چاہیے۔ ایسے دوستوں کے پیش نظر انتہائی خلوص کے ساتھ یہ بات ہوتی ہے کہ منبر ومحراب کے وارثوں کا معاشرتی مقام بلند ہونا چاہیے اور انہیں لوگوں کا دست نگر ہونے کے بجائے خودکفیل ہو کر دینی رہنمائی کا فریضہ سرانجام دینا چاہیے تاکہ ان کی بات میں زیادہ وزن ہو اور وہ زیادہ اعتماد کے ساتھ معاشرہ کی دینی قیاد ت کر سکیں، مگر منبر ومحراب کے وارثوں کے لیے اس خواہش کو پور ا کرنا ؟؟؟

حافظ اور قاری کے ذاتی اور معاشرتی وقار کا مسئلہ ہے اور دوسری طرف مسجد ومدرسہ کے نظام کو باقی رکھنے کے تقاضے ہیں اور مولوی پوری ہوش مندی کے ساتھ آج بھی اپنے ذاتی مفاد پر مسجد ومدرسہ کے نظام کو ترجیح دے رہا ہے۔ ہم ان کالموں میں عرض کر چکے ہیں کہ ایک دور میں ریاست حیدر آباد دکن کے نواب نے جو اپنے دور کے امیر ترین حکمران سمجھے جاتے تھے، دارلعلوم دیوبند کی انتظامیہ کو پیش کش کی کہ اگر دارالعلوم کے نصاب میں کچھ جدید مضامین کو بھی شامل کر لیا جائے تو وہ دارالعلوم کے اخراجات میں تعاون کرنے اور دارالعلوم کے فضلا کو اپنی ریاست میں ملازمتیں فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں تو اس کے جواب میں مولانا رشید احمد گنگوہی نے یہ تاریخی جملہ کہہ کر اس پیش کش کو مسترد کر دیا تھا کہ ہم ریاست حیدر آباد کا نظام چلانے کے لیے نہیں، بلکہ مسلمانوں کی نماز، روزہ اور دینی تعلیم کا نظام باقی رکھنے کے لیے پڑھا رہے ہیں۔

ان کے ارشاد کا مطلب یہ تھا کہ اگرہم بھی اپنے مدارس میں پڑھنے والے طلبہ کو جدید تعلیم کا ٹچ دے کر ریاستی نظام کے کل پرزے بنا دیں تو پھر مسجدوں میں نماز کون پڑھائے گا؟ اور لوگوں کو قرآن کریم کی تعلیم کون دے گا؟اس لیے اس دور کے اکابر علما نے شعوری طورپر حکمت عملی کے تحت اپنے طلبہ کو جدید علوم اور ہنر وفن سے دور رکھا تاکہ وہ مسجد اور مدرسہ کے علاوہ کہیں فٹ نہ آسکیں اورعام مسلمانوں کا عبادات اور دینی تعلیم کا نظام چلتا رہے، اس لیے یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ قیام پاکستان کے بعد اسلامی نظام کے لیے رجال کار فراہم کرنے کے نقطہ نظر سے دینی مدارس کو اپنے نصاب ونظام میں ضروری تبدیلیاں کرنا چاہیے تھیں اور ہم خود اس پر مسلسل معروضات پیش کررہے ہیں مگر جہاں تک مسجد ومدرسہ کے موجودہ نظام کی افادیت اور اس کے معاشرتی ثمرات کا تعلق ہے، اس کا دارومدارظاہری طور پر اس صدقہ وخیرات اور قربانی کی کھالوں پر ہے۔ اس سسٹم کو طنز وطعن کا نشانہ بنا کر اس کی نفی کرنا عام مسلمانوں کی عبادات اور دینی تعلیم کے نظام کو سبوتاژ کرنے کی شعوری یا غیر شعوری کوشش کے سوا اور کسی عنوان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

راجہ انور صاحب محترم نے ایک واقعہ کا حوالہ بھی دیا ہے کہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک سوال کرنے والے شخص کو کلہاڑی دے کر جنگل سے لکڑیاں کاٹنے اور محنت کرکے پیٹ پالنے کی ترغیب دی تھی۔ یہ واقعہ درست ہے اور کسی بھی تندرست شخص کے لیے یہی حکم ہے تاکہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے بجائے محنت مزدوری کرکے روٹی کمائے لیکن یہاں ایک عمومی رویہ اور الجھن کا حوالہ دینا ضروری سمجھتا ہوں کہ کچھ لوگ دور نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے انفرادی واقعات کا سہار ا لے کر ان کے حوالہ سے اپنے جذبات وافکار پیش کرنے کی کوشش تو کرتے ہیں مگراس دور کے سسٹم اور نظام کی طرف نظر اٹھا کر دیکھنے کی زحمت گوارا نہیں کرتے کہ جس مسئلہ پر ہم بات کررہے ہیں، اس کی حیثیت جناب نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفاے راشدین کے رائج کردہ مجموعی نظام میں کیاتھی؟ اس لیے اس سلسلہ میں دو حوالے سامنے لانا مناسب خیال کرتا ہوں۔ 

ایک خود جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ہے کہ ان کا اپنا ذریعہ معاش کیا تھا؟اور اگر راجہ صاحب کو مسلمان حکمرانوں کی خود ان کے بقول لوٹ مار کی کہانی پھر سے یاد نہ آجائے تو یہ گزارش ہے کہ ضابطہ اور قانون کے طورپر جنگوں میں حاصل ہونے والے مال غنیمت کا ۵/۱ حصہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے خاندان کے اخراجات کے لیے مخصوص ہوتا تھا، یعنی کسی بھی جنگ میں حاصل ہونے والے کل مال غنیمت کا بیس فیصد جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے متعین رہتا تھا جس سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کے اہل خانہ کے اخراجات پورے ہوتے تھے۔ یہ سلسلہ آخر وقت تک جاری رہا حتیٰ کہ اسی مال غنیمت میں سے ایک بہت بڑے باغ فدک کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ملکیت سمجھتے ہوئے حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے خلیفہ اول حضرت ابوبکر سے اسے وراثت کے طور پر انہیں منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تو حضرت ابوبکرؓ نے جواب دیا کہ یہ باغ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی وراثت کے طور پر نہیں دیا جاسکتا بلکہ یہ بیت المال کی ملک رہے گا، البتہ اس کی آمدنی سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات اور دیگر اہل خانہ کے اخراجات بدستور ادا کیے جاتے رہیں گے۔

دوسرا حوالہ یہ عرض کرنا چاہتا ہوں کہ جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد حضرت ابوبکر خلیفہ بنے تو ان کا معاملہ یہ تھا کہ مدینہ منورہ سے تھوڑے فاصلہ پر سنح نامی جگہ میں ان کی کپڑے کی کھڈیاں تھیں اور وہ کپڑا بیچ کر گزارا کیا کرتے تھے۔ خلیفہ بننے کے بعد وہ حسب معمول کپڑوں کی گٹھڑی اٹھا کر بازار کی طرف چلے تو حضرت عمرؓ نے انہیں روک لیا کہ آپ کاروبار میں مصروف رہیں گے تو لوگوں کے معاملات کون نمٹائے گا؟ اس لیے آج کے بعد آپ کاروبار نہیں کریں گے اور کاروبار سلطنت کے لیے خود کو فارغ رکھیں گے۔ اس کے بعد حضرت عمرؓ کی تجویز پر خلافت راشدہ کی مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس ہوا جس میں حضرت صدیق اکبرؓ کے لیے بیت المال سے وظیفہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اسی سے فقہاے کرام نے یہ اصول اخذ کیا کہ جو شخص بھی امت کے اجتماعی کاموں کے لیے وقف ہوجائے، اس کے اخراجات اور ضروریات زندگی کی کفالت بھی اجتماعی آمدنی میں سے ہوگی۔ چنانچہ اسی اصول کے تحت حاکم، قاضی، مجاہد، معلم اور امام وغیرہ حضرات کی تنخواہ اجتماعی آمدنی سے ادا کی جاتی ہے اور یہ صرف ہمارے ہاں نہیں، بلکہ دنیا کے ہر نظام میں یہی اصول ہے اور اجتماعی کاموں کے لیے وقت دینے والے حضرات کے اخراجات اجتماعی آمدنی میں سے ہی ادا کیے جاتے ہیں۔ اب ایک ڈپٹی کمشنر کو دیکھ لیجیے۔ اس کی تنخواہ عام لوگوں سے جمع کی گئی رقم سے ہی دی جاتی ہے اور ایک مدرسہ کے مہتمم کی تنخواہ بھی عام لوگوں سے جمع کی گئی رقم سے ہی دی جاتی ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے لیے جمع کی جانے والی رقم ٹیکس کہلاتی ہے اور ریاستی ادارے لا اینڈ آرڈر کی قوت سے اسے جمع کرتے ہیں اور مہتمم مدرسہ کی تنخواہ کے لیے جمع ہونے والی رقم کو چندہ کہا جاتا ہے جو لوگ رضاکارانہ طور پر پیش کر دیتے ہیں۔

بات کچھ لمبی ہوتی جارہی ہے، لیکن اس حوالہ سے ایک اور بات کی طرف توجہ دلانا بھی ضروری محسوس ہوتا ہے کہ ہمارے ہاں عام طور سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ مولوی صاحبان صرف پانچ وقت کی نمازیں پڑھا کر سارا دن فارغ بیٹھے رہتے ہیں اور لوگوں کے چندوں پر عیش کرتے ہیں، اس لیے اس فراغت اور عیش کی جھلک بھی سامنے آجائے تو مناسب ہوگا اورا س کے لیے میں اپنے ذاتی مشاہدہ کی ایک مثال پیش کرنا چاہوں گا۔ ہمارے ہاں مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں سرگودھا سے تعلق رکھنے والے قاری محمد ریاض صاحب امام ہیں جن کی ذمہ داری یہ ہے کہ انہوں نے پانچ وقت نمازوں کی امامت کے لیے موجود رہنا ہے اور اس کے علاوہ ان کی روز مرہ ذمہ داری کی قدرے تفصیل یہ ہے کہ صبح اذان فجر سے پہلے اٹھ کر وہ قرآن کریم پڑھنے والے بچوں کو پڑھاتے ہیں، جو اذان فجر سے لے کر قاری صاحب کی نگرانی میں ۱۱بجے دن تک پڑھتے ہیں۔ پھر ظہرسے عصر تک پڑھاتے ہیں اور اس کے بعد مغرب سے عشا تک پھر سبق یاد کرنے والے بچوں کی نگرانی کے لیے انہیں بیٹھنا ہوتا ہے۔ اس ’’فراغت‘‘ کے عوض میں انہیں جو ’’عیش‘‘ فراہم کی جاتی ہے، اس پر بھی ایک نظر ڈالیں۔ انہیں اسلام آباد کے چوتھے درجے کے ملازمین کے معیار کا ایک کوارٹر مسجد کی طرف سے دیا گیا ہے جس میں وہ اپنے بیوی بچوں سمیت رہتے ہیں۔ پانی، بجلی، گیس کا بل ان کے ذمے نہیں ہے اور انہیں مبلغ تین ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے، وہ بھی اس سال رمضان المبارک میں انتظامیہ سے ضد کرکے میں نے کرائی ہے، ورنہ اس رمضان سے پہلے تک انہیں صر ف دوہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملتی رہی ہے۔

اور اگر راجہ صاحب محترم زیادہ ناراض نہ ہوجائیں تو ڈرتے ڈرتے ایک اور بات کہنے کو بھی جی چاہتا ہے کہ نیکی اور عبادت صرف نماز پڑھانا اور بچوں کو دینی تعلیم دینا ہی تو نہیں ہے۔ عدالت میں بیٹھ کر لوگوں کو انصاف مہیا کرنا بھی نیکی ہے اور اسے عبادت کا درجہ حاصل ہے اور جس طرح قرآن پڑھانے کا کوئی معاوضہ نہیں ہوسکتا، اسی طرح انصاف کی بھی کوئی قیمت نہیں ہوتی، اس لیے تھوڑی سی ہمت کرکے وہ یہ بھی فرما دیں کہ عدالت کے منصب پر بیٹھ کر لوگوں کو انصاف مہیا کرنے والے مزدوری کرکے یا نوکری اور تجارت کرکے اپنا پیٹ کیوں نہیں پالتے اور لوگوں سے وصول کی جانے والی اجتماعی رقم سے تنخواہ حاصل کرنے کے بجائے جنگل سے لکڑیاں کاٹ کر یا وزن اٹھا کر اپنی روزی کیوں نہیں کماتے؟

(روزنامہ اوصاف، اسلام اباد)

 

No comments:

Post a Comment